کل جماعتی حریت کانفرنس کا نظر بند آزادی پسند رہنماﺅں ، کارکنوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

سرینگر02 اکتو بر() بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے اور بھارت کی جیلوںمیں غیر قانونی طورپر نظر بند آزادی پسند رہنماﺅں اور کارکنوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں فسطائی بھارتی جیل حکام کی طرف سے کشمیری نظر بندوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ زیر حراست علیل رہنماﺅں کی صحت کی صورتحال دن بہ دن مزید خراب ہو رہی ہے اور اگر نظر بند رہنماﺅں اور کارکنوں کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اسکی تما م تر ذمہ دار بھارت پر عائد ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ جہنم نما بھارتی جیلو ں میں بند تحریک آزادی کے قیدیوں پر ظلم وستم کے باوجود انکا غیر متزلزل عزم اور آزادی کے مقدس مقصد کے ساتھ عزم ناقابل تسخیر ہے۔ ترجمان نے انکے عزم وحوصلے کوسراہتے ہوئے انہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا اور کشمیریوںکا یہ عزم دہرایا کہ نظر بندوں کی بے مثال قربانیاں ہر گزفراموش نہیںکی جائیںگی اور حق خود ارادیت کے حصول کی عظیم تحریک کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ترجمان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ ، محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ، ڈاکٹر شفیع شریعتی ، ڈاکٹر قاسم فکتو، ڈاکٹر حمید فیاض، ڈاکٹر جی ایم بٹ، آسیہ اندرابی ، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، جی ایچ قادر بٹ ، مظفر احمد ڈار، الطاف احمد شاہ ، ایاز اکبر ، پیر سیف اللہ ، راجہ معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، محمد یوسف میر ، محمد یوسف فلاحی، ظہور وٹالی، شکیل یوسف، شاہد یوسف، نذیر احمد شیخ، ظہور احمد بٹ، محمد ایوب میر، محمد ایوب ڈار، شوکت احمد خان، مقصود احمد بٹ، عادل زرگر، حکیم شوکت ، طارق پنڈت، مولوی نثار ، معراج الدین نندہ ، محمد اقبال ، وحید احمد ، غنضفر اقبال، عارف وانی، عارف نجار، بشیر احمد ، نذیر پٹھان، ممتاز احمد ، فاروق احمدشیخ ، مجاہد صحرائی، راشد صحرائی اور یگر نظر بندوں کی بہادری اور بلند حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم بطور ایک آزادی پسند قوم کے پانچ لاکھ سے زائد شہید ،ہزاروں نظر بندوں ، بیواﺅں ، یتیموں ، معذوروں ، لاپتہ ہونے والوں اور بھارتی فوجیوں کی بے حرمتی کا نشانہ بننے والی خواتین کے مقروض ہیں۔ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم ، نسل کشی ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سنجیدہ نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے کرادار ادا کریں۔ترجمان نے کشمیر بارایسوسی ایشن کے سابق صدر نذیر احمد رونگا کے گھر پر بھارتی پولیس کے چھاپے کی مذمت کی۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ اپنا فوجی غرور ترک کر کے کشمیریوںکو انکا پیدائشی حق ، حق خود اردیت دے۔