مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات شروع . سرینگراور بڑے شہروں میں سیکورٹی سخت۔

سری نگر(کے پی اين) مقبوضہ کشمیر میں اضافی بھارتی فورسز کی تعیناتی کا عمل شروع ہوتے ہی سری نگر اور دوسرے شہروں میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے ۔ سرینگر کے داخلی اور خارجی راستوں پر فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔۔ لالچوک، بٹہ مالو، جہانگیر چوک، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، ریگل چوک وغیرہ اور پائین شہر کے منور آباد، رعناواری، خانیار، نوہٹہ وغیرہ میں اہم چوراہوں پر لگے ناکوں پر گاڑیوں، راہگیروں خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو روکا جا رہا ہے اور ان کی  تلاشی اور شناختی کارڈوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے ۔فورسز کے اہلکاروں کو شہر سرینگر کے بعض علاقوں میں گشت لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔ رات کا گشت بھی تیز کیا گیا ہے رات کا گشت بڑھانے کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے  شہریوں کی نگرانی  کی  جارہی ہیں۔ جنوبی کشمیر میں خاص طور پر اہم چوراہوں پر ناکے لگائے گئے ہیں جہاں گاڑیوں، راہگیروں ،موٹر سائیکل سواروں کی  تلاشی اور شناختی کارڈوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے ۔