مقبوضہ وادی کشمیر: شدید ٹھنڈ کا سلسلہ جاری، جھیل ڈل سمیت تمام آبی ذخائر مسلسل منجمد

سرینگر 20جنوری : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جاری شدید سردی سے جہاں جھیل ڈل سمیت تمام آبی ذخائر منجمد ہیں وہیں گھروں ، مساجد ، درگاہوں اور خانقاہوں میں لگے نلکوں اور ٹینکیوں میں بھی پانی جم گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پانی کی سخت قلت درپیش ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وادی میں شدید سردی کے باعث زندگی کے تمام شعبے متاثر ہیں ، کاروباری سرگرمیاں صبح دیر سے شروع ہوتی ہیں اور ٹریفک بھی دیر سے ہی سڑکوں پر نمو دار ہوتی ہے۔ماہرین موسمات کا کہنا ہے کہ اگر شدید سردیوں کا موجودہ سلسلہ طول پکڑ گیا تو جھیل ڈل کی منجمندگی کی ایک نئی تاریخ رقم ہو گئی ۔ ماہرین کے مطابق جھیل ڈل 1959کے ماہ جنوری میں ایک ماہ تک منجمدرہی تھی اور لوگوں نے اس پر گاڑیاں چلائی تھیں اور نوجوان کرکٹ کھیلتے رہے تھے۔