بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں،دیویندر سنگھ

جموں  غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اورجموںو کشمیر سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے کہا ہے کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے لہذا بھارت ہٹ دھرمی چھوڑ کر اس مسئلے کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دیویندر سنگھ بہل نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت جموںوکشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کررہا ہے ۔ انہوں نے غیر کشمیری باشندوں کو بڑے پیمانے پر ڈومسائل سرٹیفکیٹس جاری کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ بھارت کو مذموم ہتھکنڈوں سے باز رکھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں جبکہ اس وقت حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد جیلوں میںنظر بند ہے جنکی سلامتی کو بھارت میںبڑے پیمانے پر پھیلنے والے کورونا وباکے سبب سخت خطرہ لاحق ہے۔ دیویندر سنگھ نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر کشمیری نظر بندوں کی زندگی کو خطرے میں ڈال رہا ہے لہذ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ نظربندوںکی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں ۔ دیونیدر سنگھ بہل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے باعث جنوبی ایشاء کا امن شدید خطرے میں ہے تاہم پاکستان نیک نیتی کے ساتھ اس مسئلے کے حل کا خواہاں ہے جبکہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث یہ مسئلہ گزشتہ سات دہائیوں سے لٹکا ہوا ہے۔