بھارت لداخ کے لئے نئی سڑک تعمیرکر رہا ہے، کشمیرمیڈیاسروس

نئی دہلی  غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں چین کے ساتھ سرحدی کشیدگی کے دوران بھارت نے ہماچل پردیش کے علاقے ڈارچا اور لداخ کو ملانے والی 290 کلومیٹر طویل سڑک پر کام تیز کر دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سڑک کو لداخ خطے کے سرحدی علاقوں میں موجود فوجی کیمپوں کے درمیان رابطے اور فوجیوں اور بھاری ہتھیاروں کی نقل و حرکت کے لئے اہم سمجھا جارہا ہے۔

سڑک کو کرگل خطے کے ساتھ رابطے کا بھی ایک اہم ذریعہ سمجھا جارہا ہے۔یہ سرینگرلہہ شاہراہ کے بعد لداخ کے ساتھ رابطے کا دوسراراستہ ہوگا۔5 مئی 2020 سے چین اور بھارت کی فوجیں لداخ میں متنازعہ پینگونگ جھیل، تبت کے خود مختار علاقے اور سکم کے قریب سرحدوں پر کشیدگی ، جھڑپوں اور تصادموںمیں مصروف ہے۔اس کے علاوہ مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچول کنٹرول پر بھی جھڑپیں ہوئیں۔ رواں برس جون میں متنازعہ ہمالیائی خطے کے سرحدی علاقے میں چینی افواج کے ساتھ ایک جھڑپ میں کم از کم 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔