
کشمیر میں یونائیٹیڈ الائنس کی بھارتی شہروں میں کشمیری طلباپر تشدد کی مذمت
جموں( ) مقبوضہ جموں و کشمیرکے جموں میں مختلف سماجی و سیاسی تنظیموں کی انجمن یونائیٹڈ پیس الائنس (یو پی اے) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ میچ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد بھارت کی متعدد ریاستوںمیں کشمیری طلباپر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ یوپی اے کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی شکست کے بعد ہندو انتہا پسند تنظیموں کے ارکان نے مختلف کالجوں میں زیر تعلیم کشمیری طلبا کے خلاف خوف ودہشت کی لہر پھیلا دی ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان یا کشمیر میں کچھ ہوتا ہے تو بھارت میں بیگناہ کشمیری طلباپر تشدد کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بھارتی حکام کی سراسر منافقت ہے کہ وہ پاکستان کی جیت کا جشن منانے پر کشمیری طلباکے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق کالے قانون یو اے پی اے کے تحت مقدمات درج کر رہے ہیں جبکہ بے گناہ کشمیری طلباپر تشدد کرنے والے آزاد پھر رہے ہیں۔میر شاہد سلیم نے کہا کہ کرکٹ میچ دو ملکوںکے کھلاڑیوں کے درمیان کھیل کے سوا کچھ نہیں لیکن دائیں بازو کی سیاسی جماعتیں اسے انتہائی حد تک فرقہ وارانہ بنارہی ہیں ۔