او آئی سی اجلاس سے متعلق بلاول کے بیان کا غلط مطلب لیا گیا: فیصل کنڈی

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ او آئی سی اجلاس سے متعلق بلاول بھٹو  زرداری کے بیان کا غلط مطلب لیا گیا۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم نہیں حکومت خود او آئی سی اجلاس میں رخنہ ڈالنے کی سازش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی سربراہ کانفرنس (او آئی سی) پیپلزپارٹی کے قائد ذوالفقار علی بھٹو شہید کا کریڈٹ ہے، ہم او آئی سی اجلاس میں رخنہ نہیں چاہتے، چیئرمین پیپلز پارٹی کے بیان کا غلط مطلب لیا گیا۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی، عمران ٹائیگر فورس کے رکن بن چکے ہیں، اسپیکر قرارداد جمع ہونے کے 14 روز میں اجلاس بلانے کے پابند ہیں، آرٹیکل 2/95 کے تحت اجلاس بلائے جانے کے 7 دن کے اندر ووٹنگ ہونی ہے، ووٹنگ کی تاریخ 28 مارچ بنتی ہے۔

قومی اسمبلی میں احتجاج کی دھمکی پر نظرثانی کی جا سکتی ہے: رانا ثناءاللہ

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا شہباز شریف اور بلاول بھٹو  زرداری کی جانب سے قومی اسمبلی میں احتجاج کی دھمکی پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں احتجاج پر نظر ثانی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ان کی قیادت او آئی سی کانفرنس کو کامیاب دیکھنا چاہتی ہے۔

یاد رہے کہ 48ویں او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس اسلام آباد میں 22 اور 23 مارچ کو شیڈول ہے اور اس کا انعقاد قومی اسمبلی میں ہونا ہے۔