
جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیا جائے۔ راہل گاندھی بی جے پی نے کشمیر کی مخلوط ثقافت اور آپسی بھائی چارے پر حملے کیے
جموں()آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سابق صدر اور سینئر رہنما راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کی مخلوط ثقافت اور آپسی بھائی چارے پر حملے کر کے یہاں کے لوگوں کو کمزور کر دیا ہے ۔انہوں نے جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے کی معیشت، سیاحت اور کاروبار کو شدید چوٹ پہنچائی گئی ہے ۔راہل گاندھی نے جموں میں کانگریس کے کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود ایک پنڈت خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور کشمیری پنڈتوں کی ہر حال میں مدد کریں گے ۔انہوں نے کہا،آج صبح کشمیری پنڈت بھائیوں کا ایک وفد مجھ سے ملا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیں معاوضہ دیا جبکہ بی جے پی نے ہم سے جھوٹے وعدے کئے ۔ فی خاندان 25 لاکھ روپے دینے کی بات کی تھی لیکن دیا کچھ نہیں۔ میرا خاندان بھی کشمیری پنڈت خاندان ہے ۔ میں کشمیری پنڈت بھائیوں سے کہتا ہوں کہ میں آپ کی مدد کروں گا۔راہل گاندھی نے کہا کہ میں ایک ہی مہینے کے اندر جموں و کشمیر دو بار آیا ہوں اور جلد لداخ بھی جانا چاہتا ہوں۔ان کا مزید کہنا تھا،میں نے سری نگر میں کہا تھا کہ جب بھی جموں و کشمیر آتا ہوں تو لگتا ہے گھر آیا ہوں۔