سید علی گیلانی کی شہادت کے بعد پانچویں روز بھی سری نگر میں کرفیو حیدرپورہ جانے والی تمام سڑکوں کو خاردار تاروں سے بند کر دیا گیا

سری نگر() قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی گیلانی کی دوران حراست شہادت کے بعد پانچویں روز بھی سری نگر میں کرفیو نافذ ہے  ۔  بھارتی حکام نے  سخت پابندیاں عائد کر دکھی ہیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے  پیر کے روز مزار شہدا سری نگر کی طرف مارچ کا اعلان کیا تھا تاہم بھارتی  فورسز نے  پورے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے ۔ شہدائے کشمیر کی فاتحہ خوانی کے لئے عیدگاہ سرینگر کی طرف مارچ کوروکنے کے لئے  پیر کے روز مسلسل پانچویں روز بھی سخت کرفیو نافذ ہے۔ اس کے علاوہ لوگوں کی نقل وحرکت اور اجتماع پر بھی پابندیاں عائد رہیں گی ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے بھی کہا ہے کہ وہ مودی کی فسطائی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کو سید علی گیلانی کی آخری رسومات ادا کرنے کی اجازت نہ دینے کے خلاف اپنا احتجاج درج کرانے کے لئے دنیا کے بڑے بڑے دارالحکومتوں میں بھارتی سفارت خانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کریں۔وادی کشمیر میں ہزاروں بھارتی فوجی تعینات ہیں جبکہ حیدرپورہ کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو خاردار تاروں سے بند کر دیا گیاہے اور موبائل انٹرنیٹ سروسزمسلسل معطل ہیں۔