
مقبوضہ جموں وکشمیر میں مارشل لا جیسی صورتحال ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس رمضان المبارک میں بھی رات کوچھاپوں کی وجہ سے کشمیری عوام کاجینا دوبھر کر رکھا ہے ۔
سری نگر : کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں مارشل لا جیسی صورتحال ہے جہاں قابض بھارتی فوجیوںنے رمضان المبارک میں بھی رات کے وقت چھاپوں کی وجہ سے کشمیری عوام کاجینا دوبھر کر رکھا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میںمقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے مظالم اور خواتین اور بچوں سمیت کشمیریوں کے لئے خوف و دہشت کا ماحول قائم کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں مارشل لا جیسی صورتحال ہے جہاں قابض بھارتی فوجیوںنے رمضان المبارک میں بھی رات کے وقت چھاپوں کی وجہ سے کشمیری عوام کاجینا دوبھر کر رکھا ہے ۔انہوںنے کہاکہ اپنے ناقابل تنسیخ حق،حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر آزادی پسند قیادت کو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کے تحت گرفتار کیاگیاہے ۔حریت کانفرنس نے کہاکہ تلاشی اور محاصرے کی نام نہاد کارروائیوں کے نام پر کشمیری نوجوانوںکو شہید کیاجارہا ہے ۔دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں بشمول شبیراحمد ڈار ، یاسمین راجہ ، محمد اقبال میر، فردوس احمد شاہ ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، جموںوکشمیر پیپلز لیگ اور جموںوکشمیر ماس موومنٹ نے اپنے بیانات میں عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ مظالم کا سلسلہ بند کرانے اور کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔