ہر مظلوم کی بلاتفریق حمایت پاکستان کا اعزاز ہے:غلام محمد صفی پاکستانی حکومت اور عوام کو یوم پاکستان پر مبارکباد

اسلام آباد22مارچ : تحریک حریت جموںو کشمیر نے یوم پاکستان کے حوالے سے ملت اسلامیہ پاکستان کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ جہاں پاکستان رب العزت کی طرف سے ایک انمول تحفہ ہے وہیں یہ ان عظیم انسانوں کی کاوشوں کاثمر ہے جنہیں تہہ خاک سوئے عرصہ گزرچکا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت جموںو کشمیر کے رہنماغلام محمد صفی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ یہ دن اس قوم کی تاریخ بنانے والوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم مملکت خداداد پاکستان کوقدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ہمیشہ اس کی بقا، سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا گو رہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر ی قوم ملت اسلامیہ پاکستان کی شکرگزار ہے اور سمجھتی ہے کہ اللہ کے بعد اگر کشمیریوں کا کوئی پشتیبان ہے تو وہ پاکستان ہی ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ پاکستان کا وجود میں آنا عالم انسانیت کے لیے نعمت خداوندی ثابت ہواہے اور پاکستان ہمیشہ ظالم کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑا ہواہے اور بلاتفریق رنگ و نسل ہر مظلوم کی حمایت میں پیش پیش رہاہے۔ پاکستان کو اسی کردار نے اقوام عالم میں ایک ممتاز حیثیت عطا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اشرافیہ پر یہ لازم ہے کہ وہ اس کردار اور اس مقام کی حفاظت کرے۔ خدانخواستہ اگر کسی مصلحت پسندی کا شکار ہوکر پاکستان کا یہ کردار داغ دار ہوا تو یہ بہت بڑا المیہ ہوگا۔
 اسلامی تنظیم آزادی جموںو کشمیر کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی اور آزاد جموںو کشمیر میں تنظیم کے نمائندے عبدالمجیدلون نے بھی ایک مشترکہ بیان میں یوم پاکستان کے موقع پر مملکت خدا دادپاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ مکہ، مدینہ اور بیت لمقدس کے بعد جموں کشمیر کے لوگوں کو مملکت خداداد پاکستان کی سرزمین اور لوگوں سے محبت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی جموں وکشمیر کی کامیابی اور پاکستان کی سالمیت اور بقاءکےلئے تن من دھن سے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا مستحکم پاکستان ہی خطے میں امن کی ضمانت ہے۔