
545 دنوں کے فوجی محاصرے میں 7 خواتین سمیت 308 کشمیری شہید جنوری میں 3 کشمیری جعلی مقابلے میں شہید،46 افراد گرفتار،16 زخمی ہوے
سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے 545 دنوں سے جاری فوجی محاصرے کے دوران7 خواتین سمیت 308 کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا ہے ۔کے پی آئی کے مطابق بھارتی حکومت نے 05 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی تب سے مسلسل فوجی محاصرے میں کشمیری عوام کی روز مرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ فوجی محاصرے کے 18 ماہ مکمل ہو گئے ہیں۔ اس دوران بھارتی فوج نے 7 خواتین سمیت 308 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ ان میں سے بیشتر کو فوج نے جعلی مقابلوں یا دوران حراست شہید کیا ۔ محاصرے اور تلاشی کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں نوجوانوں کو گھروں سے اٹھایا گیاانہیں جیل میں ڈال دیا گیا۔ اس عرصے میں 16 خواتین بیوہ اور 38 بچے یتیم ہوگئے۔ پرامن مظاہرین پر بھارتی فوج طاقت کا استعمال کر رہی ہے۔ گولیوں ، چھروں اور آنسو گیس کی شیلنگ سے 1ہزار،701 افراد شدید زخمی ہوئے اس دوران 993 مکانات اور عمارتی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا۔بھارتی فوجی کارروائیوں میں 14ہزار،489 افراد کو گرفتار کیا گیا 103 خواتین سے بدتمیزی کی گئی۔جنوری 2021 کے دوران بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کارروائیوں کے دوران3 کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید،46 افراد کو گرفتار،16 افراد کو تشدد کرکے زخمی کر دیا گیا۔