کپوارہ قتل عام کے شہداءکی یاد میں قصبے میں مکمل ہڑتال

سرینگر27جنوری : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں1994 میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوںکپوارہ میں ہلاکت خیز قتل عام کے شہداءکی یاد میںآج کپوارہ قصبے میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قصبے میں تمام دکانیں اور دیگر کاروباری ادارے بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے۔دریں اثناءلوگ صبح کے وقت مختلف گروپوںمیں مزار شہداءپہنچے اور قتل عام کے شہداءسمیت تمام شہدائے کشمیر کے لئے خصوصی دعا کی۔بھارتی فوجیوں نے 26 جنوری1994ءکو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر مکمل ہڑتال کرنے پر لوگوں کو سزا دینے کے لئے اگلے روز27 بے گناہ کشمیریوں کو اندھادھند فائرنگ کرکے بے رحمی سے شہیدکیا تھا۔ کپوارہ قتل عام کے شہداءکے لواحقین 27 سال گزر جانے کے باوجود انصاف سے محروم ہیں۔مقامی لوگوں نے اس وقت صحافیوں اور تحقیقاتی اداروں کو بتایا تھا کہ قتل عام سے ایک روز قبل بھارتی فوج کے افسر نے مقامی دکانداروں سے کہا تھا کہ وہ ہڑتال نہ کریں اور فوجی کیمپ میں یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کریں۔ تاہم دکانداروں نے مکمل ہڑتال کی اورتقریب میں شرکت بھی نہیں کی۔ اگلے دن جب وہ اپنی دکانیں کھول رہے تھے تو بھارتی فوجی گاڑیوں میں آئے اور ان پر اندھا دھندفائرنگ کی جس کے نتیجے میں 27 افرادشہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔