یوتھ سوشل فورم کا جموں میں روہنگیا مسلمانوں کی گرفتاری پراظہار تشویش

سرینگر08مارچ  : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں یوتھ سوشل فورم نے جموں میں روہنگیا مسلمانوں کی گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جموںوکشمیر یوتھ سوشل فور م کے جنرل سیکرٹری زبیر احمدنے سرینگر میں جاری ایک بیان کہا کہ یہ مہم جوئی فرقہ پرست عناصر کی طرف سے شروع کی گئی ہے جس سے ان کی بیمار ذہنیت ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ عناصر جموں خطے کو خاص طور پر ہندو لیبارٹری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں اوریہ وہاں رہنے والے مسلمانوں کی موجودگی برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوںنے کہاکہ ہزاروں روہنگیا مسلمان سالہا سال سے جموں کے مضافات میںجھگیوں میں رہتے ہیں جو مزدوری کرکے اپنی روزی روٹی کماتے ہیں۔ زبیر احمد نے کہا کہ انہوں نے اپنی جھگیاں نجی زمینوں پر تعمیرکی ہیں اور وہ باقاعدگی سے مالکان کو کرایہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے اکثر ریلوے اسٹیشن پر خاکروب یاکلی کے طورپر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ بھیک مانگنے کے بجائے اپنے اہلخانہ کو پالنے کے لئے سخت محنت کرتے ہیں۔ زبیر احمد نے جموں کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں روہنگیا پناہ گزینوں کی ہرممکن مدد کریں۔