پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا

آکلینڈ : پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹی 20سیریزمیں ٹیم کی قیادت شاداب خان کریں گے ۔ اسکواڈ کے  دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، حیدرعلی، حارث رؤف، حسین طلعت، افتخاراحمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمدرضوان، سرفرازاحمد، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض شامل ہیں۔اس حوالے سے کپتان شاداب خان نے کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ، بابر اعظم کی کمی ضرور محسوس ہوگی۔ کوویڈ 19 اور کنکشن کے قوانین کی وجہ سے ہمیں 17 رکنی اسکواڈ ساتھ رکھنے کی اجازت ہے، موسی خان اور عثمان قادر 15 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں ۔
شاداب خان نے مزید کہا کہ   بابراعظم کی عدم موجودگی نئے کھلاڑیوں کے لیے صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے۔ بابراعظم کی طرح جارحانہ کپتانی کرنے کا عادی ہوں، ایڈن پارک میں کھیلنے کا تجربہ ہے، یہاں باؤنڈریز چھوٹی ہیں، تماشائیوں کی موجودگی میں دوبارہ کھیلنے کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ پاکستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچزکی میزبانی کرے گا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 دسمبرکو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا ۔ دوسرا میچ 20 دسمبر ہیملٹن میں تیسرا اور آخری میچ 22 دسمبرکو نیپئر میں کھیلا جائے گا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 دسمبر تک ٹورنگا میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے 7 جنوری تک کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔