سی اے اے نے معطل کئے گئے پائلٹس میں سے 27کو بحال کردیا

بحال کئے گئے پائلٹس کے کوائف مبینہ طور پر غلط درج کئے گئے تھے جس میں ان کی ولدیت، نام، لائسنس نمبر اور دیگر تفصیلات بھی شامل تھیں

اسلام آباد معطل کیئے گئے پائلٹس میں سے 27 کو سی اے اے نے بحال کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بحال کئے گئے پائلٹس کے کوائف مبینہ طور پر غلط درج کئے گئے تھے جس میں ان کی ولدیت، نام، لائسنس نمبر اور دیگر تفصیلات بھی شامل تھیں۔ تاہم کوائف غلط ثابت ہونے کی صورت میں ان پائلٹس کو بحال کر دیا گیا ہے جس کے بعد انہیں طیارے اڑنے کی اجازت دے دی گئی ہے اور انہیں ہر لحاظ سے کلیئر کر دیا گیا ہے۔تاہم دوسری جانب حکومت نے ملک کے مزید 8 ہوائی اڈے کھولنے کی اجازت دے دی ہے، ان ایئرپورٹس میں ہوائی اڈوں میں تربت، پنجگور، دالبندین، ژوپ، پسنی، موہنجوداڑو، نوابشاہ اور بہاولپور شامل ہیں۔ سینئر جوائنٹ سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن و ترجمان عبدالستار کھوکھر نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ حکومت نے اندرون ملک فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے، اس کے ساتھ ہی حکومت نے ملک کے مزید 8 ہوائی اڈے کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا تھا کہ ایک سال چار ماہ کی فرانزک انکوائری کے بعد 262پائلٹس کی ڈگریاں مشکوک قرار دی گئیں، مختلف ایئر لائنز کے 102 پائلٹس گراونڈ کردیئے، اب تک متعدد کے خلاف ایکشن لے لیا گیا ہے، اپنی جگہ دوسروں کو امتحان دینے والے 26کے خلاف ایکشن لے رہے ہیں‘ اب تک 34کو لائسنس معطلی کے نوٹس بھیج دیئے،غیر ملکی ایئر لائنز میں کام کرنے والے پاکستانی پائلٹس کے خلاف بھی تحقیقات کررہے ہیں ، متحدہ عرب امارات ایئر لائن کے 54پائلٹس میں سے 48کلیئر ہوگئے ‘ ویت نام ایئر لائن والے 11 سے 9 کلیئر ہوگئے ، بحرین ایئرلائن کے 4 میں سے 2 کلیئر ہوگئے، ملائشیا اور ترک ایئر لائن میں کام کرنے پاکستانی پائلٹس پر تحقیقات کررہے ہیں۔تاہم پائلٹس کی معطلی اور لائسنس منسوخی کا سلسلہ جاری ہے، اسی دوران وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج بھی اس بیان پر قائم ہوں کہ 262 پائلٹس کی ڈگریاں مشکوک تھیں۔