امریکی کانگریس میں بھارت میں انسانی حقوق ، مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کی مذمت کیلئے قرار داد جمع

نئی دہلی23 جون (کے پی این) امریکی کانگریس میں بھارت میں انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں کی مذمت کیلئے ایک قرارداد جمع کرائی گئی ہے۔
ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ کانگریس کی رکن Ilhan Omar، جنہوں نے گزشتہ ماہ آزاد جموں و کشمیرمیں کنٹرول لائن (ایل او سی) کا دورہ کیا تھا، کی طرف سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارت مسلمانوں، عیسائیوں، سکھوں، دلتوں، آدیواسیوں اور دیگر مذہبی اور ثقافتی اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ امریکی کانگریس میںاسلامو فوبیان پر ایک ہفتہ بعد سماعت ہوگی جس میں بی جے پی رہنماﺅں کی طرف سے پیغمبر اسلامﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ بیانات کا معاملہ بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ واشنگٹن نے اس تبصرے کی مذمت کی ہے ۔
2 جون کو امریکی وزیر خارجہ Antony Blinken اور ان کے سفیر برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی Rashad Hussein نے بھارت میں مذہبی آزادی کی حالت پر تبصرہ کیا تھا۔ اپریل کے آخر میں یو ایس سی آئی آر ایف کی ایک رپورٹ میں بھارت کو انسانی حقوق کے خدشات پر بلیک لسٹ کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔