قومی و صوبائی اسمبلی کے 13 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ، سخت سکیورٹی انتظامات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے سے ہوا جو کہ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک رہے گا، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، سرگودھا، میانوالی، مظفرگڑھ اور ہری پور میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، 2792 پولنگ سٹیشنز میں سے 408 انتہائی حساس اور 1032 حساس قرار دیئے گئے ہیں، دو ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی کیلئے تعینات کیے گئے ہیں، عوام الناس بلا خوف و خطر پولنگ سٹیشنز پر ووٹ ڈالیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔