فخر عالم کاجنوبی وزیرستان میں شہید ہونیوالےکیپٹن عبداللّٰہ کوخراج عقیدت

کراچی : میزبان و اداکار فخر عالم نے گزشتہ روزجنوبی وزیرستان میں شرپسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن عبداللّٰہ ظفر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فخر عالم نے  کیپٹن عبداللّٰہ ظفر شہید کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دشمنوں سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والوں کو قوم کے عظیم بیٹے قرار دیا۔ فخر عالم نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے شگئی میں شرپسندوں کی جانب سے پیٹرولنگ کرنے والے پاک فوج کے دستے پر کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں 25 سالہ کیپٹن عبداللّٰہ ظفر نے جام شہادت نوش کرلیا۔ شہید ہونیوالے عبداللّٰہ ظفر کا تعلق کوہاٹ کے علاقے لاچی سے ہے۔
 فخر عالم نے وطن پر جاں نثار کرنے والے اس سپوت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ  یہ ہماری سرزمین کے عظیم بیٹے ہیں، ہم روزانہ جس آزادی سے صبح  جاگتے  ہیں وہ ان شہداء کے خون کی بدولت ہی ممکن  ہوئی ہے۔
انہوں نے اس جانباز کا شکریہ اداکرتے ہوئے لکھا  کہ یہ قوم کیپٹن عبداللّٰہ ظفر اور اُن کے اہل خانہ کی قربانیوں کی مقروض ہے۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن عبداللہ طفر شہید ہو گئے تھے ۔