دل کا عالمی دن: امراض قلب کے مریض کرونا وائرس کے خطرے کا زیادہ شکار

آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم قلب منایا جارہا ہے، یہ دن بے شمار افراد کو موت کا نشانہ بنانے والے دل کے مختلف امراض کے بارے میں آگاہی اور بچاؤ کا شعور پھیلانے کے لیے منایا جاتا ہے۔

دل کا عالمی دن یعنی ورلڈ ہارٹ ڈے منانے کا مقصد لوگوں کو امراض قلب کی وجوہات، علامات، بروقت تشخیص، علاج اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنا ہے۔

رواں برس اس دن کو امراض قلب اور کرونا وائرس کے تعلق سے منسوب کیا گیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ دل کے امراض کا شکار افراد کرونا وائرس کا آسان ہدف بن سکتے ہیں لہٰذا دل کے مریضوں کو عام افراد کے مقابلے میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

دل کے عارضے کی ایک بڑی وجہ تمباکو نوشی، شوگر، بلند فشار خون، آرام پسندی، غیر متحرک طرز زندگی، موٹاپا، بسیار خوری پھلوں اور سبزیوں کا ناکافی استعمال اور باقاعدگی کے ساتھ ورزش نہ کرنا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں ہونے والی کل اموات میں سے ایک تہائی اموات شریانوں اور دل کی مختلف بیماریوں کی وجہ سے ہو رہی ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہلکی پھلکی سادہ غذا اور دن میں صرف آدھے گھنٹے کی ورزش کو معمول بنا کر دل کے بہت سے امراض سے بچا جا سکتا ہے۔