بھارتی سازش ناکام؛ کشمیر میں کرکٹ کا میلہ سجنے کو تیار

کراچی: بھارتی سازش ناکام رہی جب کہ کشمیر میں کرکٹ کا میلہ سجنے کو تیار ہے۔

کشمیر پریمیئر لیگ کا آغاز جمعے سے مظفر  آباد میں ہورہا ہے، ایونٹ کو ختم کرانے کیلیے بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا، غیرملکی پلیئرز کو شرکت سے روکنے کی سرتوڑ کوشش ہوئی، اس مقصد کیلیے متعلقہ بورڈز پر دباؤ بھی ڈالا گیا،ایونٹ کو رکوانے کیلیے آئی سی سی کا دروازہ تک کھٹکھٹایا گیا، تاہم وہاں پر بھی اسے منہ کی کھانا پڑی، بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود کشمیر پریمیئر لیگ کا پہلا میچ منعقد ہونے کو تیار ہے۔

آج شاہد خان آفریدی کی راولا کوٹ ہاکس کا مقابلہ شعیب ملک کی ٹیم میرپور رائلز سے ہوگا، ہفتے کو باغ اسٹالینز اور کوٹلی لائنز میں میچ کھیلا جائے گا،اوورسیز واریئرز اورمظفرآباد ٹائیگرز بھی مقابل ہوں گے، ایونٹ میں 6 ٹیمیں شریک ہیں۔ پہلا کوالیفائر14 اگست کو ہونا ہے،فائنل 17 تاریخ کو ہوگا، مجموعی طور پر 19 میچز کھیلے جائیں گے،اس میں سے 12 ڈے اینڈ نائٹ ہیں۔

دریں اثنا میرپور رائلز کے کپتان شعیب ملک ٹورنامنٹ کے حوالے سے کافی پْرجوش ہیں، انھوں نے شائقین سے بھی  درخواست کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر ٹورنامنٹ کو سپورٹ کریں اور اسٹیڈیم آکر ٹیموں کی حوصلہ افزائی کریں۔

شعیب ملک نے کہا کہ یہ لیگ صرف نوجوانوں ہی نہیں بلکہ سینئر کھلاڑیوں کیلیے بھی کافی اہم ہے، دونوں کیلیے یہ بہترین موقع ہے، ہمیں کشمیر کے کرکٹرز سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا جبکہ وہ بھی ہم سے سیکھ سکتے ہیں، سیکھنے کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا، مجھے پوری امید ہے کہ یہ ٹورنامنٹ بہت زیادہ کامیاب ثابت ہوگا۔