بین الافغان مذاکرات کا جلد انعقاد ناگزیر ہے: وزیرخارجہ

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بین الافغان مذاکرات کا جلد انعقاد ناگزیر ہے، افغان قیادت کو اِنٹرا افغانستان بات چیت کے لیے کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی سے قائم مقام افغان وزیر خارجہ حنیف اتمر نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، اس دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی، اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے پاک افغان کثیرالجہتی مذاکرات کے دوسرے دور کی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا طے مشترکہ اہداف کے لیے کاوشیں بروئے کار لانےکی ضرورت ہے، وزیر خارجہ نے افغان طالبان وفد کے ساتھ ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ افغان مسئلے کا دیرپا حل فریقین میں جامع مذاکرات سے ہی ممکن ہے، خطے کا امن افغانستان میں قیام امن سےمشروط ہے، بین الافغان مذاکرات کا جلد انعقاد ناگزیر ہے، افغان قیادت کوبین الافغان مذاکرات کے لیے کوششیں تیز کرنا ہوں گی، پاکستان خطے میں امن کیلئے مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔

شاہ محمود کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، افغان مہاجرین کی جلد اور باعزت وطن واپسی کا خواہاں ہے۔