پاکستان: کورونا کے مثبت کیسز کی شرح تین ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی

پاکستان میں کورونا کیسز  میں تیزی سے کمی آرہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح تین ماہ کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 42476 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 689 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 18 افراد انتقال کر گئے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح تین ماہ کی کم ترین سطح 1.62 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اس  سے قبل 28 جون کو ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی کم ترین سطح 1.79 فیصد تھی۔

اسکرین شاٹ سرکاری پورٹل
اسکرین شاٹ سرکاری پورٹل

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 28152 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 12 لاکھ 59648 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 41754  ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1180 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 11 لاکھ 89742  ہو گئی ہے۔