مقبوضہ جموں وکشمیر : کل جماعتی حریت کانفرنس کی 5اگست کوبطور یوم سیاہ منانے کی اپیل
سرینگر02 اگست ()بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے جموں و کشمیر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 5 اگست( یوم استحصال کشمیر )کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں تاکہ پوری دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ کشمیر ی ناجائز بھارتی قبضے کو ہرگز تسلیم نہیں کریں گے اور وہ شہداءکے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی ، نعیم احمد خان اور دیگر نے 5اگست کو ” یوم استحصال کشمیر“ قرار دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔سرینگر میں گھر میں نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بھی 5اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے کہا کہ کشمیری حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ بھارتی جبر واستبداد انہیں اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خود ارادیت کی جدوجہد کو آگے بڑھانے سے نہیں روک سکتا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ 5اگست بروز ہفتہ بھارت مخالف مظاہروںاور ریلیوں کا انعقاد کریں۔
انہوںنے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو جموںوکشمیر کی منفرد شناخت ، تشخص و پہنچان چھین لی۔ یہ اقدام عالمی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنماو¿ں عبدالاحد پرہ، غلام محمد خان سوپوری، سید بشیر اندرابی، خادم حسین، سید سبط شبیر قمی، مولانا مصعب ندوی، ڈاکٹر مصعب اور جاوید احمد میر نے بھی اپنے بیانات میں 5 اگست کو جموں کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے 5 اگست 2019 کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی اور کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر لیے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم بندکرانے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔انہوںنے کہا کہ شہداءکی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری ایک روز ضرور بھارتی چنگل سے آزادی حاصل کر لیں گے۔نریندر مودی کی ہندو توا بھارتی حکومت نے 5اگست2019کوبھارتی آئین کی دفعات 370اور35اے منسوخ کر کے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی ختم کر دی تھی۔