
اوپن یونیورسٹی: نینو میٹریل پر2روزہ بین الاقوامی کانفرنس آج شروع ہوگی معاشرتی مسائل کے حل پر مبنی طلبہ کے تیار کردہ50 پراجیکٹس کے ماڈلز کی نمائش بھی ہوگی
اسلام آباد 14۔دسمبر( )علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے باہمی اشتراک سے "نینو میٹریل ماڈلنگ اینڈ سمولیشن” کے موضوع پر دو روزہ چھٹی بین الاقوامی کانفرنس آج(15۔دسمبر)سے اوپن یونیورسٹی میں منعقدہورہی ہے۔افتتاحی سیشن کی صدارت وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کرینگے جبکہ پاکستان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ٹاسک فورس کے چئیرمین، پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن اس موقع پر مہمان خصوصی ہونگے۔
واضح رہے کہ طبیعات کے میدان میں نینو میٹریل اینڈ سمولیش آجکل دنیا میں تحقیق کا جدید ترین شعبہ سمجھا جاتا ہے اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ڈپارٹمنٹ آف فزکس ہر سال اس موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کرتاہے جس میں قومی اور بین الاقوامی سائنسدانوں، محققین، سکالرز اور صنعت کاروں کو مدعو کیا جاتا ہے۔اس کانفرنس کا مقصد ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں اس قسم کی تحقیق کو بروئے کار لانے کے لئے آگاہی پیدا کرنا ہے۔اس سال کانفرنس میں تقریباً 100مقالے پیش کئے جائیں گے جو اسکالرز، یونیورسٹیوں اور صنعت کاروں کے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہونگے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی نے ریسرچ جرنلز کی اشاعت اور کانفرنس کے انعقاد پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی ہے۔یونیورسٹی فیکلٹی ممبرز کوبہتر کتاب لکھنے اور مقالہ شائع کرانے پر کیش انعامات بھی دیتی ہے اور انہیں اندرون ملک یا بیرون ملک کسی بھی شہر میں منعقد ہونے والی کسی بھی علمی تقریب میں تحقیقی مقالہ پیش کرنے کے لئے ٹرانسپورٹ اور رہائشی سہولتیں فراہم کرتی ہے۔شعبہ فزکس کے چئیرمین، پروفیسر ڈاکٹر ظفر الیاس کے مطابق یہ کانفرنس ملک میں ریسرچ کلچر کو فروغ دینے کے لئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کے اقدامات کے تسلسل کا حصہ ہے۔
اس کانفرنس کے دوسرے حصے میں شعبہ فزکس کے ایم ایس سی(فائنل سمسٹر)کے طلبہ اور وومن یونیورسٹی کی طالبات کے تیار کردہ پراجیکٹس کی نمائش بھی منعقد کی جائے گی جس میں طلبہ کے تیارکردہ معاشرتی مسائل کے حل پر مبنی 50پراجیکٹس کے ماڈلز پیش کئے جائیں گے۔