امید ہے بین الاقوامی ٹیسٹ ٹیموں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری رہیگا:کرس ووکس

پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں شائیقن کی غیر موجودگی کا دکھ ہے،سیریز میں کانٹے کا مقابلہ ہوا :انگلش آل راؤنڈر

لندن  انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤأنڈر کرس ووکس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران اسٹیڈیم میں موجود مداحوں کے شور میں کرکٹ کھیلنے کا بہت مزا آتا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے انگلینڈ کے آل راؤنڈر کرس ووکس سے بائیو سیکیور ماحول، سیریز کے دوران کرکٹ کے معیار اور پاکستان میں بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر گفتگو کی ہے۔جب شان مسعود نے کرس ووکس کو پاکستان میں بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی اور پاکستان سپر لیگ کے 5ویں ایڈیشن کے اب تک کھیلے گئے تمام میچوں کے پاکستان میں انعقاد سے متعلق بتایا تو انگلش آلراؤنڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور انہوں نے پاکستان میں بسنے والے کرکٹ کے پرجوش مداحوں سے متعلق بہت سی کہانیاں سنی ہوئی ہیں۔وہ پرامید ہیں کہ بین الاقوامی ٹیسٹ ٹیموں کی پاکستان آمد کا یہ سلسلہ یونہی جاری رہیگا۔

اس حوالے سے کرس ووکس کا مزید اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں کے مابین کھیلی گئی حالیہ ٹیسٹ سیریز اعلیٰ معیار کی تھی جہاں بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ انگلینڈ میں پاکستانی مداحوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور انہیں یقین ہے کہ تمام شائقین کرکٹ نے اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ کا بھرپور لطف اٹھایا ہوگا۔ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کھیل کے معیار پر اظہار خیال کرتے ہوئے انگلش آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ اس ٹیسٹ میں شائقین کرکٹ کو ضرور موجود ہونا چاہیے تھا اور اگر ایسا ہوتا تو انہیں سٹیڈیم میں موجود مداحوں کے شور اور براہ راست جاری میچ میں کرکٹ کھیلنے کا بہت مزا آتا۔انگلش آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ اس سیریز میں کانٹے کا مقابلہ ہوا اور انہیں پاکستان جیسی باصلاحیت ٹیم کے خلاف سیریز جیتنے کے لیے بہت محنت کرنا پڑی۔ اس کی ایک بڑی وجہ دیگر غیرملکی ٹیموں کے برعکس پاکستانی کھلاڑیوں کی یہاں کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگی ہے۔ کرس ووکس نے شاند مسعود کی 156 رنز کی اننگز کی خوب تعریف کی۔ میزبان ٹیم کے آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ انہیں یاد ہے کہ وہ 2007ء میں انڈر 19 کی سطح پر شان مسعود کے مدمقابل آچکے ہیں۔پاکستانی اوپنر کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ بائیں ہاتھ کے اوپنر نے ایک شاندار اننگز کھیلی تاہم اس دوران ان کی ٹیم کو بہت اوورز کروانے پڑے۔