پی سی بی کا پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز اور فائنل لاہور میں کروانے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ ہفتے پنجاب حکومت کو میچز کے حوالے سے پلان پر بریفنگ دیگا

لاہور  پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپر لیگ کے بقیہ میچز اور فائنل لاہور میں کروانے کا فیصلہ کر لیاہے ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ پلے آف ، سیمی فائنل اور فائنل میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کروانے کا فیصلہ کر لیا گیاہے ، پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ ہفتے پنجاب حکومت کو میچز کے حوالے سے پلان پر بریفنگ دے گا ۔بائیو سیکیور ماحول کی وجہ سے زمبابوے سیریز بھی لاہور میں ہی ہو گی ۔ یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم اس وقت دورہ انگلینڈ پر ہے جہاں ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ جاری ہے جس میں پاکستانی ٹیم فالو آن کا شکار ہو چکی ہے تاہم انگلینڈ کو سیزیز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے ۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی نے پی ایس ایل کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے نومبر میں پانچویں ایڈیشن کے بقیہ میچز کے انعقاد کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
پی ایس ایل 5 کے کل 4 بقیہ میچز کھیلے جانے ہیں جن میں 3 پلے آف میچز اور ایک فائنل ہے۔ اس سے قبل پی سی بی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ2020ء کے تین پلے آف اور فائنل اگلے سال پی ایس ایل 6 سے قبل کرائے جائیں گے۔ ان میچوں سے ٹیمیں اپنی تیاری بھی کریں گی۔پی سی بی نے واضح کیا تھا پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ایک ملتان سلطانز کو فاتح قرار دینے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ ری شیڈولنگ میں پلے آف کھیلنے والی ٹیموں کے پاس دو چانس ہوں گے۔ واضح رہے کہ مارچ میں پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کو کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے ہنگامی طور پر منسوخ کر دیا گیا تھا۔