عبدالصمد انقلابی کا شہید شیخ عبدالعزیز کو زبردست خراج عقیدت

سرینگر  بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموںوکشمیر میںاسلامی تنظیم آزادی جموں وکشمیرکے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے سینئر حریت رہنما شہید شیخ عبدالعزیز کوان کی12ویںیوم شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شیخ عبدالعزیز کی شہادت نے کشمیریوںکی حق خودارادیت کی تحریک کو ایک نئی جلا بخشی اور ان کی شہادت مظلوم کشمیری قوم کیلئے مشعل راہ ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کشمیری شہدا کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز کی شہادت نے تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی قوت دی جس کی منزل بھارت کے ناجائز اور جبری فوجی تسلط سے آزادی ہے۔

انہوںنے کہا کشمیری عوام اپنی تحریک آزادی کی خاطر گزشتہ72برس سے پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں جو کہ اقوامِ متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے عین مطابق ان کا پیدائشی حق ہے۔ عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیری عوام کے ایک قابض ملک کی حیثیت سے تمام سیاسی، مذہبی اور آئینی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز اور دوسرے لاکھوں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم حصولِ مقصد تک جدوجہد کو جاری رکھیں اور کوئی بھی ایسا عمل نہ کریں جس سے ہماری منزل دور ہوتی ہو۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشمیری عوام بھارت نواز سیاست دانوں سے سیاسی طور پر تعلق ترک کرکے ان کی مکروہ چالوں کو ناکام بنادیں گے۔