مقبوضہ جموں وکشمیر کی ہائی کورٹ نے آزادی پسند سرگرمیوں پر 3سینئر وکلا ء کو طلب کرلیا

سرینگر23نومبر() غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے آزادی پسند سرگرمیوں پر تین سینئر وکلاء کو سمن جاری کئے ہیں۔
ہائی کورٹ کے ججوں جسٹس سنجیو کمار،جسٹس سنجے دھر اورجسٹس محمد اکرم چودھری نے یہ سمن قانون وانصاف اور پارلیمانی امور کے سیکریٹری اچل سیٹھی کی جانب سے دائر کی گئی ایک شکایت پر جاری کیے ہیں۔جن سینئر وکلاء کو طلب کیاگیا ہے ان میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدور میاں عبدالقیوم اور نذیر احمد رونگا اورسابق جنرل سیکرٹری غلام نبی شاہین شامل ہیں۔سیکریٹری قانون نے اپنی شکایت میں تینوں وکلاء پر بھارت مخالف ہونے، حریت پسند نظریے کی حمایت کرنے، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے کام کو آزادی پسند گروپ میں تبدیل کرنے اور بھارت مخالف سرگرمیوں کی حمایت کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہیں 17دسمبر کو سرینگر کی عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔