دوسرا ٹیسٹ: ولیم سن کی سنچری، نیوزی لینڈ‌ کی پوزیشن مستحکم

کرائسٹ چرچ : دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر کیوی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنالیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنالیے، کیوی ٹیم کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 11 رنز درکار ہیں۔

کیوی کپتان کین ولیم سن 112اور ہینری نکولس 89 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹام لیتھم اور ٹام بلنڈل اوپننگ کرنے آئے لیکن پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر ٹہر نہ سکے، لیتھم 33 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ ہوئے جبکہ بلنڈل کو 16 انفرادی 16 رنز پر فہیم اشرف نے شکار کیا۔

ٹیلر بھی کریز پر زیادہ رک نہ سکے اور 12 رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس وقت کیوی کپتان ولیمسن اور ہنری نکولس کریز پر موجود ہیں اور دونوں اپنی نصف سنچری مکمل کرچکے ہیں۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ناکام رہی اور پوری ٹیم 297 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کی جانب سے اظہر علی نے 93، کپتان محمد رضوان نے 61، فہیم اشرف نے 48 اور ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی ظفر گوہر نے 34 رنز اسکور کیے تھے جبکہ دیگر کھلاڑی صفر، 1 اور 4 کے اسکور پر ہی پویلین لوٹ گئے تھے۔

واضح رہے کہ میزبان ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے جس کے باعث نیوزی لینڈ تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ ریکنگ میں پہلی پوزیشن پر آیا ہے۔