منوج سنہا نے جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے کا حلف لیا

سرینگر//سابق مرکزی وزیرمنوج سنہا نے جمعہ کو جموں کشمیر کے نئے لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے کا حلف لیا۔وہ مرکز ی زیر انتظام علاقے کے پہلے سیاسی لیفٹیننٹ گورنر ہیں۔
 لوگوں کے ساتھ جُڑے رہنے کیلئے مشہور61سالہ سنہا کو جموں کشمیر کی چیف جسٹس گیتا متل نے راج بھون میں ایک سادہ تقریب کے دوران عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔
حلف برداری کے فوراً بعد لیفٹیننٹ گورنرسنہا نے نامہ نگاروں کو بتایا”اگست5جموں کشمیر کی تاریخ کاایک اہم د ن ہے۔اُس دن سالوں بعد جموں کشمیر قومی مین اسٹریم میں داخل ہوا۔مجھے یہاں نامکمل کاموں تکمیل کیلئے بھیجا گیا ہے “۔
انہوں نے مزید کہا” میں یہاں کی ترقی میں تیزی لانا چاہتا ہوں“۔
سنہا نے آئی اے ایس آفیسر جی سی مرمو کی جگہ لی جنہیں بھارت کا کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کے طور تعینات کیا گیا ہے۔
یکم جولائی1959 کو اتر پردیش کے وارانسی میں پیدا ہوئے منوج سنہا نے بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) سے بی ٹیک اور ایم ٹیک کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے طالب علمی کے زمانے سے ہی سیاست میں قدم رکھاتھا۔ وہ بی ایچ یو کی طلبہ یونین کے صدر بھی رہے ہیں۔ 1989 سے 1996 تک بی جے پی کی قومی کونسل کا رکن رہنے کے بعد 1996 میں سنہا پہلی بار غازی پور اتر پردیش پارلیمانی حلقے سے الیکشن جیت کر پارلیمنٹ پہنچے ۔اُنہیںمئی 2014 میں تشکیل پانے والی نریندر مودی سرکار میں مرکزی وزیر مملکت برائے ریلویز کا عہدہ تفویض کیا گیا اور بعد میں جولائی 2016 میں کابینہ کے دوسرے رد وبدل کے دوران انہیں مرکزی وزیر مملکت برائے اطلاعات کے عہدے پر فائز کیا گیا