بھارت نے لاکھوں کشمیریوں کو اپنے ہی گھروں میں قیدی بنا دیا ہے

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور کا یوم استحصال کے موقع پر واک کے شرکا سے خطاب

اسلام آباد بھارت کی جانب سے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں 5 اگست کے اقدام کے ایک سال پورا ہونے پر یوم استحصال کے سلسلہ میں وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان کے زیر اہتمام واک کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ بدھ کو یوم استحصال کے سلسلہ میں کشمیر یکجہتی واک کنونشن سنٹر سے شروع ہوئی۔واک میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کی۔شرکا نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خوداردیت دیا جائے، گزشتہ سال 5 اگست کے بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے واک میں شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگست 2019ء کا دن مقبوضہ کشمیر کی تاریخ میں ایک اور سیاہ دن ہے،گزشتہ سال اس دن بھارت نے ایک بار پھر تمام تر بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑائیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بھارت نے غیر قانونی مقبوضہ کشمیر پر اپنے ناجائز قبضے کو مضبوط کرنے کی قابل مذمت کوشش کی، بھارتی اقدامات آرایس ایس کی ہندوتوا سوچ کی عکاسی کرتا ہے، بھارتی اقدامات کا مقصد اقلیتوں خصوصی طور پر مسلمانوں سے امتیازی سلوک برتنا ہے، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ لاکھوں کشمیریوں کو اپنے ہی گھروں میں قیدی بنا دیا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا گیا ہے۔