انگلینڈ کیخلاف سیریز سے قبل 4 روزہ انٹرا اسکواڈ فرسٹ کلاس میچ کا آج سے آغاز

لندن:  انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل چار روزہ انٹرا اسکواڈ فرسٹ کلاس میچ آج پی سی بی گرین اور پی سی بی وائٹ کے مابین کھیلا جائیگا۔ پی سی بی گرین کی قیادت اظہر علی اور پی سی بی وائٹ کی کپتانی سرفراز احمد کریں گے۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل انگلینڈ کیخلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کا دوسرا انٹرا اسکواڈ چار روزہ پریکٹس میچ آج سے دی انکورا کاؤنٹی گراؤنڈ ڈربی میں شروع ہو گا۔ پانچ اگست سے شروع ہونے والی سیریز سے قبل اس چار روزہ پریکٹس میچ کو فرسٹ کلاس میچ کا درجہ حاصل ہوگا۔

پی سی بی گرین میں اظہر علی (کپتان) عابد علی، اسد شفیق، بابراعظم، شان مسعود، محمد رضوان، محمد عباس، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، وہاب ریاض، یاسر شاہ، شاداب خان، محمد حفیظ اور محمد حسنین شامل ہیں جبکہ پی سی بی وائٹ میں سرفراز احمد (کپتان) کے علاوہ فہیم اشرف، فواد عالم، فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، حیدر علی، امام الحق، عمران خان، کاشف بھٹی، خوشدل شاہ، موسیٰ خان، سہیل خان اور عثمان شنواری شامل ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم اس سے قبل 2، دو روزہ اور ایک چار روزہ انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ بھی کھیل چکی ہے۔