میاں قیوم کی اپیل| سماعت 27جولائی تک ملتوی،معاملہ زیرغور

نئی دہلی //سپریم کورٹ نے جموں کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرایڈوکیٹ میاں عبدالقیوم کی حبس بے جا درخواست منسوخ کئے جانے کو چیلنج کرنے والی اپیل کی سماعت 27 جولائی جمعرات  تک کیلئے ملتوی کردی۔ جسٹس سنجے کشن کول کی صدارت والی تین رکنی بنچ نے معاملہ کی سماعت ملتوی کرنے پر اس وقت اتفاق ظاہر کیاجب سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے دلیل دی کہ میاں عبدالقیوم کے معاملہ پر غور کیا جارہا ہے اور جلد ہی متعلقہ افسر کی جانب سے جواب آجا ئے گا۔اس کے بعد عدالت نے 27 جولائی تک معاملہ کی سماعت ملتوی کردی۔درخواست گزار کی جانب سے سینئر وکیل دشینت دوے ،وکیل برندا گروور اور سوتک بنرجی نے پیروی کی۔جموں کشمیر بار ایسو سی ایشن کے صدر میاں عبدالقیوم تہاڑ جیل میں گزشتہ سال سات اگست سے قید ہیں۔درخواست گزار نے جموں کشمیر ہائی کورٹ کے ذریعہ ان کی حبس بے جا درخواست گزشتہ 28 مئی کو خارج کئے جانے کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ میاں جموں کشمیر کے لئے خصوصی التزام والے آرٹیکل 370(زیادہ تر دفعات)اور 35 اے کو ختم کئے جانے کے بعد سات اگست سے حراست میں ہیں۔
via kashmir uzma