ن لیگ کی پالیسیوں پر تحفظات: بلاول کی آج وزیراعظم سے ملاقات طے

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی ن لیگ کی پالیسیوں پر تحفظات کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی وزیراعظم سے ملاقات طے ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی ملاقات آج شام ہونے کا امکان ہے جس میں چیئرمین پی پی شہباز شریف کو حکومتی معاشی پالیسیوں پر تحفظات سے آگاہ کریں گے۔

بلاول بھٹو پنجاب کے حوالے سے تحریری معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کریں گے اور وہ آئی ایم ایف پابندیوں کے بارے میں حکومتی دعوؤں کے برعکس پنجاب میں بجلی سبسڈی معاملے پر اپنے تحفظات سے وزیر اعظم کو آگاہ کریں گے۔

چیئرمین پی پی مہنگی بجلی کے معاملے پر طویل المدتی حل تجویز کریں گے اور سستی بجلی کیلئے تھر کا کوئلہ زیر استعمال لانے کا کہیں گے۔

ذرائع پی پی کے مطابق وفاق بجلی کے معاملے پر سندھ کے ساتھ بات چیت کرے اور اگر وفاق سنجیدگی دکھائے تو بجلی مسئلے کا طویل المدت حل نکل سکتا ہے۔