
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کا قاضی نثار اور راشد وانی کو خراج عقیدت
اسلام آباد 19جون (کے پی این)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں اپنے دفتر میں معروف عالم دین ڈاکٹر قاضی نثار اورحریت راشد وانی کی یاد میں ایک دعائے مجلس کا اہتمام کیا۔
فورم کے کنونیر محمود احمد ساغر نے دعائیہ مجلس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر قاضی نثار احمد کو ان کے29ویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام مذہبی اور سیاسی محاذوں پر ڈاکٹر قاضی نثار احمد کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے قاضی نثار احمد کے لیے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی۔محمود ساغر نے حریت رہنما راشد وانی کوان کی چھٹی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر میںمعاشرے کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جنہیں رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ اس موقعے یونان میں کشتی الٹنے کے سانحے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیاگیا اورحادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستان اور آزاد کشمیرسے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے مغفرت کی دعاکی گئی۔ آخر پر شہدائے کشمیرکے لئے بلند درجات کی خصوصی دعا کی گئی۔