کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام سیمینار میں شہدائے چوٹہ بازار کو خراج عقیدت

اسلام آباد 12جون ()کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے چوٹہ بازار سرینگر قتل عام کے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اسلام آباد میں اپنے دفتر میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔
سیمینارکی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کی جبکہ عبدالرشید ترابی مہمان خصوصی تھے۔محمود احمد ساغرنے شہدائے چوٹہ بازار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ11جون 1991کو سرینگر کے علاقے زینہ کدل میں نامعلوم حملہ آوروں کے ساتھ مبینہ جھڑپ کے بعد بھارتی فوجیوں نے سید منصور میں واقع اپنے کیمپ سے سرینگر کے گنجان آباد علاقے چوٹہ بازار تک تمام راستے اندھا دھند فائرنگ کرکے کم از کم 32 بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور 22دیگرزخمی کردیا۔ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے قابض فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشی، ان کی املاک کو تباہ کرنے اور گھروں پر چھاپوں کے دوران خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی۔ دیگر مقررین نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی بے گناہ کشمیریوں کی زندگیاں چھین رہے ہیں اور قتل و غارت کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ معصوم نوجوانوں کو قتل کرکے بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہاکہ مسلسل فوجی محاصرے نے مقبوضہ علاقے میں انسانی بحران کو مزید سنگین کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس حقیقت کا ادراک کرنا چاہیے کہ تنازعہ کشمیر کے حل میں تاخیر اس کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے۔آخر میں شہدائے چوٹہ بازار اور دیگر کشمیری شہدا ء کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ سیمینار میں دیگر لوگوں کے علاوہ محمد فاروق رحمانی، غلام محمد صفی، میر طاہر مسعود، شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی، شیخ محمد یعقوب، شمیم شال، حسن البنائ، انجینئر محمود، زاہد اشرف، سید اعجاز رحمانی، زاہد صفی، مشتاق احمد بٹ، گلشن احمد، کفایت حسین، سلیم ہارون، شیخ عبدالماجد، حاجی سلطان بٹ، عبدالمجید لون، اشرف بلال، محمد اشرف ڈار، جاوید اقبال بٹ، دائود یوسفزئی، عدیل مشتاق وانی، محمد شفیع ڈار،قاضی عمران، عثمان احمد اور عبدالشکور آزاد نے بھی شرکت کی۔