مقبوضہ جموںوکشمیر:کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے8اور13جولائی کو مکمل ہڑتال کی اپیل کا اعادہ ہفتہ شہداءکے سلسلے میں پروگراموں کی منسوخی کے بارے میں افواہیں مسترد

سرینگر 07 جولائی ()  غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ”ہفتہ شہدائ“ کے سلسلے میں اس کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی کال اور دیگر پروگراموں کی منسوخی کے بارے میں افواہوں کو مستردکیاہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں واضح کیا کہ یہ پروگرام مختلف آزادی پسندرہنماﺅں کے ساتھ مکمل مشاورت اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے متفقہ فیصلے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔انہوں نے 6 سے 13 جولائی تک ”ہفتہ شہدائ“منانے کے حوالے سے جاری کردہ کیلنڈر کا اعادہ کیا جس میں مقبوضہ جموںوکشمیر کے حریت پسند عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ معروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کا پانچواں یوم شہادت منانے کے لئے 8 جولائی اور 1931ءکے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے 13 جولائی کو مکمل ہڑتال کریں۔ کیلنڈر میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ08 جولائی کو برہان وانی کے آبائی قصبے ترال اور 13 جولائی کو مزار شہداءنقشبند صاحب سرینگر کی طرف مارچ کریں جہاں 1931کے شہداءمدفون ہیں۔