بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگوں پرمظالم ڈھانے کے لیے ریاستی مشینری کا استعمال کر رہا ہے: حریت رہنما

سرینگر 12 جون () غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور تنظیموں نے کہا ہے کہ نریندر مودی اور ان کی حکومت کشمیریوں پر مظالم ڈھانے کے لئے ریاستی مشینری کا استعمال کر رہی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ئوں دیویندر سنگھ بہل، نریندر سنگھ خالصہ، شاہد سلیم، محمد عاقب، جموں وکشمیر پیرپنچال فریڈم موومنٹ اور جموں وکشمیر عوامی پارٹی نے جموں میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ ظلم و جبر کا مقصد جموںوکشمیر کے لوگوں کو سیاسی اور معاشی طور پر کمزور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے منظم انداز میں اور بڑے پیمانے پر گھروں پر چھاپوں، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اورانسانی حقوق کی دیگرخلاف ورزیوں سے کشمیریوں کو حق خودارادیت کے مطالبے سے جس کا ان سے وعدہ کیاگہا ہے، نہیں روکا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں نہ تو اظہار رائے اور نہ ہی مذہب کی آزادی ہے اور یہاں تک کہ علاقے میں بھارتی فوج کی بھاری تعداد میںموجودگی سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیاگیا ہے جو علاقائی امن و سلامتی کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔بیانات میں کہا گیا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرکو مزید تقسیم کرنے اور علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سازش کر رہا ہے تاکہ اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھ سکے۔ انہوں نے افسوس کا اظہارکیاکہ یہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔حریت رہنمائوں اورتنظیموں نے کہاکہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت نہ تو کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کر سکتا ہے اور نہ ہی وہ کشمیریوں کو غیر قانونی نتائج تسلیم کرانے پر مجبور کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر بین الاقوامی طور پرایک تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور پاکستان فوجی طاقت کے ذریعے علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں کی مخالفت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیرکی جیلوں میں نظربندکشمیریوں کی حالت زار انتہائی ناگفتہ بہہ ہے اورانہیں بھارتی عدالتوں سے انصاف کی کوئی توقع نہیں ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔