امریکا میں شاپنگ مال پر فائرنگ میں 8 افراد ہلاک اور 7 زخمی

ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر الین کے ایک پُر رونق شاپنگ مال میں مشلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سیاہ لباس ملبوس جدید اسلحے سے لیس حملہ آور نے امریکی شہر الین کے شاپنگ مال میں اس وقت فائرنگ کردی جب وہاں سیکڑوں افراد شاپنگ میں مصروف تھے۔

فائرنگ سے خوف زدہ ہوکر لوگ دوڑ پڑے۔ شاپنگ مال میں بھگدڑ مچ گئی جس کے دوران کئی بچے اور خواتین کچلے جانے کے سبب شدید زخمی ہوگئے جب کہ گولیاں لگنے سے 6 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ 2 نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔

فائرنگ میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے سبب انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پولیس نے تعاقب کے بعد ملزم کو گھیر لیا اور گرفتاری دینے کو کہا لیکن ملزم نے تیز دھار خنجر سے اہلکاروں پر حملی کردیا۔ اپنے دفاع میں پولیس نے گولی مار کر ملزم کو ہلاک کردیا۔

ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور تاحال واقعے کے محرک کا پتہ نہیں چل سکا۔ انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

واضح رہے کہ امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کسی بھی ترقی یافتہ ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔ امریکا میں 2022 میں 45 ہزار جب کہ 2021 میں 49 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔