
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا تعزیتی اجلاس
اسلام آباد 18اپریل (کے پی این) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام آج اسلام آباد میں مزاحمتی رہنما شہید ایس حمید وانی کے یوم شہادت ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ایس حمید وانی کے اہم کردار پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا۔
اجلاس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔ ایس حمید وانی کی 25ویں یوم شہادت پر ان کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کشمیری حریت رہنمائوں نے شہید رہنما کی بلندی دجرات کیلئے دعا کی۔ انہیں 1998میں آج ہی کے دن بھارتی ایجنٹوں نے شہید کردیا تھا۔حریت قائدین نے جاری جدوجہد آزادی کشمیرمیں ایس حمید وانی کی بے مثال خدمات کو اجاگر کیا اور کہا کہ شہید رہنما ایک دیانتدارشخص تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کیلئے وقف کر رکھی تھی ۔حریت رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیرمیں جاری خونریزی اورظلم و تشدد پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورے جموںو کشمیر میں تعینات بھارتی قابض افواج کے ہاتھوںبے گناہ کشمیریوں کاقتل عام روز کا معمول بن گیا ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر کی آبادیاتی اور ثقافتی سا لمیت کو یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات کریں۔