وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا ، جس میں سول و عسکری قیادت شرکت کرے گی۔

ذرائع کے مطابق حساس اداروں کے سربراہان اجلاس کو قومی سلامتی پر بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں وزیر داخلہ، وزیر خارجہ، وزیر خزانہ، وزیردفاع اور وزیر اطلاعات ونشریات شریک ہو ں گے۔ اجلاس میں امن وامان کی صورتحال داخلی اور خارجی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس آج 12 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔

دوسری جانب قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے قبل پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس   ہوا، جس میں  خالد مقبول صدیقی ،اسلم بھوتانی، خالد مگسی، خرم دستگیر، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ  و دیگر رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس کے ایجنڈے میں موجودہ سیاسی و عدالتی صورتحال پر تبادلہ خیال  شامل ہے۔ وزیراعظم پارلیمانی رہنماؤں کو آئندہ کی حکمت عملی پر اعتماد میں لیں گے۔ اہم اجلاس میں خطے کی صورتحال، پاک امریکا تعلقات پر غور کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں اجلاس میں ایران، افغانستان اور بھارت سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں ایران سعودی عرب تعلقات کی بحالی میں چین کے کردار پر بھی بات چیت اور ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔