مقبوضہ جموں وکشمیر خصوصی عدالت کی طرف سے وحید پرہ کی ضمانت کی درخواست پھر مسترد

سرینگر 28جولائی ( ) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکی خصوصی عدالت نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی یوتھ ونگ کے صدر وحید الرحمن پرہ کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ بادی النظر میں ان کے خلاف عائد کئے گئے دہشت گردی کے الزامات سچ لگتے ہیں۔
 پانچ ماہ میں یہ دوسرا موقع ہے جب عدالت نے وحید پرہ کی ضمانت کی درخواست مسترد کی ہے ۔ خصوصی عدالت کے جج نے وحید پرہ کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے کہاکہ وہ موجودہ طورپر ریکارڈ پر پیش کئے گئے شواہد سے مطمئن ہیں کیونکہ ملزم کے خلاف عائد کئے گئے الزامات بادی النظر میں سچ دکھائی دیتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ملزم کے وکیل کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کو اس سطح پرغورنہیں کیا جاسکتا لہذا ضمانت کی درخواست مسترد کی جاتی ہے ۔ وحید پرہ کی ضمانت کی درخواست رواں ماہ کے آغا ز میں ہی مسترد کر دی گئی تھی تاہم حکم باقاعدہ طورپر پیر کو جاری کیاگیا۔ درخواست میں وحید پرہ کے وکیل نے اپنے موکل کے خلاف درج مقدمہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کہا کہ اس مقدمے کی تحقیقات بھارتی تحقیقاتی ادارہ این آئی اے بھی کر رہاہے لہذا پولیس کی طرف سے اس مقدمے کی تفتیش کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے لہذا ان کے موکل کو ضمانت پر رہا کیاجانا چاہیے ۔