کراچی کے صارفین کیلیے بجلی 7.43 روپے فی یونٹ سستی

نیپرا نے کراچی کے صارفین کے لیے بجلی 7.43 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔

کے الیکٹرک کی نومبر کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ پر سماعت میں  نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7.43 روپے کمی کی منظوری دے دی ہے۔

اتھارٹی کے مطابق فیصلے سے کراچی کے بجلی صارفین کو 10 ارب 61 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ سے متعلق تفصیلی فیصلہ نیپرا  بعد میں جاری کرے گی، تاہم منظوری کے مطابق حالیہ کمی کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

حکام کے مطابق کے الیکٹرک کے اپنے ذرائع سے بجلی کی پیداوری لاگت 27 روپے 13 پیسےرہی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کے الیکٹرک سے بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کے حوالے سے پلان بھی طلب کرلیا۔ اتھارٹی نے کہا کہ کے الیکٹرک ایک ہفتے میں اس حوالے سے اپنا پلان پیش کرے۔