پاکستان:کروناوائرس کاکوئی کیس سامنےنہیں آیا،وزارت صحت

پاکستان:کروناوائرس کاکوئی کیس سامنےنہیں آیا،وزارت صحت

وزارت صحت نے پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کی تردید کردی ہے۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اس حوالے سے غلط رپورٹنگ کی جارہی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی مریض اب تک سامنے نہیں آیا۔ اس حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبریں غلط ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کی جانب سے اس معاملے پر ذمہ دار رپورٹنگ کی امید کرتے ہیں۔ انہوں نے کرونا وائرس کے حوالے سے قوم کی تشویش بڑھانے سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر تصدیق کے بغیر ایسی خبریں ہرگز نشر نہ کی جائیں۔

گزشتہ روز ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کی سہولیات موجود نہیں، مشتبہ مریض کا سیمپل چین، ہانگ کانگ اور ہالینڈ کی لیبارٹریز کو بھیجا جائے گا۔

واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے اب تک 26 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ سیکڑوں متاثرہ مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جاپان، سنگاپور اور ویتنام نے بھی مرض کی تصدیق کردی جبکہ تھائی لینڈ، جنوبی کوریا اور امریکا تک بھی مرض پہنچنے کی اطلاعات ہیں