کراچی میں آج بارش کے بعد مون سون سسٹم کمزور پڑ جائے گا: محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ شمالی بحیرہ عرب سے مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے باعث کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

ڈائریکٹر  محکمہ موسمیات ڈاکٹر عبدالقیوم کے مطابق مون سون سسٹم کی شدت تاحال برقرار ہے اور بارش برسانے والے سسٹم کا پھیلاؤ بلوچستان تک ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم آج برسنے کے بعد کمزور پڑنا شروع ہو جائے گا، لیکن کراچی میں کل بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا بتانا ہے کہ شمال مشرق سے ہوائیں27 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے۔