پاکستان کا اقوام متحدہ میں کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے پرزور

اسلام آباد یکم نومبر () پاکستان نے اقوام متحدہ میں اِس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دیئے جانے تک تنازعہ کشمیر عالمی ادارے کے ایجنڈے پر بدستور موجود رہے گا۔
یہ موقف اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عامر خان نے جنرل اسمبلی کی تھرڈ کمیٹی میں لوگوں کے حق خود ارادیت پر مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیش کیا۔انہوں نے اِس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیریوں سمیت لاکھوں لوگ غیر ملکی تسلط میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اِن لوگوں کی آئندہ نسلیں اِس ناکامی کی قیمت خون کی صورت میں ادا کر رہی ہیں۔ حق خودارادیت کے لیے جائز جدوجہد کو دبانا سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔حق خود ارادیت اقوام متحدہ کے چارٹر اور شہری اور سیاسی حقوق اور بین الاقوامی معاہدوں کا بنیادی اصول ہے۔حق خود ارادیت دیگر تمام حقوق کا سرچشمہ ہے کیونکہ اس میں ایک پختہ ضمانت موجود ہے کہ دنیا میں ہر جگہ کے لوگوں کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ اپنی تقدیر کو بغیر کسی جبر یا مجبوری کے خود طے کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ فوجی طاقت کا استعمال، ماورائے عدالت قتل، جبری گرفتاریاں، جبری گمشدگیاں، عصمت دری اور جنسی تشدد، کرفیو، مواصلاتی بلیک آئوٹ، شہری آبادی کا لاک ڈان، غیر قانونی آباد کاری اور آبادی کے تناسب کی تبدیلی کو سلامتی کونسل کی سنگین خلاف ورزیاں ہیںاور ان کو جنرل اسمبلی کی قراردادوں اور حق خود ارادیت سے انکار تصور کیاجائے۔عامر خان نے کہا کہ "حق خودارادیت کا استعمال یہ ضروری بناتا ہے کہ اس حق کا استعمال آزادانہ اور زبردستی یا جبر کی دھمکی یا استعمال کے بغیر ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ "حق خود ارادیت کو وقت گزرنے کے ساتھ ختم نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی ختم ہو سکتا ہے۔