شہید شیخ عبدالعزیز کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت

سرینگر10اگست() کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ نے ممتازکشمیری رہنما شہید شیخ عبدالعزیز کو ان کے 14ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
شبیر احمد شاہ نے تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں شہید رہنما کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شیخ عبدالعزیز واقعی ایک دیانتدار شخصیت تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کر دی۔انہوںنے جدوجہد آزادی میں شہید رہنما کے کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک آزادی کے ان علمبرداروں میں سے ایک تھے جنہوں نے حق خود ارادیت کے لیے اپنی طویل جدوجہد کے دوران آزمائشوں اور مشکلات کا خندہ پیشانی کے ساتھ سامناکیا۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز کو تاریخ کشمیرمیں لازوال کردار اور جدوجہد آزادی میں بے مثال قربانیوں کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
دریں اثناء سینئر حریت رہنما نعیم احمد خان نے شیخ عبدالعزیز کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک اصول پسند آدمی تھے۔ انہوں نے تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ شہید شیخ عبدالعزیزنے کشمیریوں کے عظیم مقصد کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے شہید رہنما کے ساتھ اپنی طویل وابستگی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے بینر تلے برسوں ایک ساتھ کام کیا ہے۔بھارتی فوجیوں نے شیح عبدالعزیز کو11اگست 2008کو اس وقت گولیاں مارکر شہیدکردیا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہاپسندوں کی طرف سے وادی کشمیرکی اقتصادی ناکہ بندی کے خلاف ایک بڑے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے آزادکشمیرکی طرف مارچ کی قیادت کررہے تھے۔
حریت رہنما سید بشیر اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شیخ عزیز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عزیز ایک نظریاتی سیاسی رہنما تھے جنہوں نے بھارتی فوجی طاقت کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بجائے اپنے سینے پر گولیاں کھانے کو ترجیح دی۔ انہوں نے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی بھی مذمت کی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں چوہدری شاہین اقبال اور غلام نبی وار نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ شیخ عزیز کی شہادت نے حق خودارادیت کے لیے جاری کشمیریوں کی تحریک کو ایک نئی جلابخشی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہدا ء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عزیز اور دیگر کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ اس مقدس مقصد کو آگے بڑھانا ہے جس کے لیے انہوں نے اپنی جانیں نچھاور کیں۔