
نمبرز پورے ہیں، سارا ایجنڈا منظور کروائیں گے: چیف وہپ پی ٹی آئی
دوسری جانب پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل حکومتی اتحادیوں کا اجلاس بھی ہو رہا ہے، اجلاس سے قبل تمام اراکین کے موبائل فون باہر جمع کیے جا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے نمبرز پورے ہیں،حکومت آج سارا ایجنڈا منظور کروائے گی، اتحاد اور اتفاق آج آپ کو ایوان میں نظر آئے گا۔
حکومت اور اپوزیشن کیلئے کڑا امتحان
حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال، اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق اور انتخابی اصلاحات سمیت کئی اہم بل منظوری کے لیے پیش کرے گی۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قانون سازی کی کوشش میں حکومت کامیاب ہو گی یا اپوزیشن؟ آج دونوں کا کڑا امتحان ہو گا۔
مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا ہے کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور ہمارے حق میں ووٹ دیں گے، قانون عوامی مفاد کے لیے ہے کسی کو فائدہ دینے کے لیے نہیں۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کا دروازہ آج بھی کھلا رکھیں گے، اپوزیشن کو عقلمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن کے نمبرز پورے ہیں، اپوزیشن کے علاوہ تحریک انصاف کے اراکین بھی ان کے ساتھ رابطے میں ہیں