تنازعہ کشمیر حصول اقتدار کی جنگ نہیں بلکہ لاکھوں کشمیریوں کی آزادی کا مسئلہ ہے: حریت آزادکشمیر

اسلام آباد04جولائی(کے پی این)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں و کشمیر شاخ نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر حصول اقتدار کی جنگ نہیں بلکہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے لاکھوں کشمیریوں کی آزادی کا مسئلہ ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں و کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری شیخ عبد المتین نے آج اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی ، غیر قانونی گرفتاریوں ، خواتین کی بے حرمتی اور گھروں اور دیگر املاک کی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق ،حق خود ارادیت کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس حریت پسند کشمیر ی عوام کی نمائندگی کرتی ہے اور وہ بھارتی جبرو استبداد کے باوجود تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے مسلم اکثریتی کردار کو تبدیل کرنے کے مذموم عزائم کو پورا کرنے کے لیے 5اگست 2019سے مسلط کئے گئے بدترین فوجی محاصرے کی شدید مذمت کی۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہدائے کشمیر کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا اوربھارتی جیلوں اورعقوبت خانوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور نوجوانوں کے عزم و ہمت کو سلام پیش کیا۔ حریت جنرل سیکریٹری نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، غلام احمد گلزار، الطاف احمد شاہ، نعیم احمد خان، پیر سیف اللہ، ناہیدہ نسرین، معراج الدین کلوال، ایاز محمد اکبر، فاروق احمد ڈار اور شاہد الاسلام سمیت غیر قانونی طور پر نظر بند تمام حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔